صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین آئندہ ایک ہفتے کے لیے اپنے حلقوں میں موجود رہیں، فائل فوٹو
صوبائی اسمبلی کے تمام اراکین آئندہ ایک ہفتے کے لیے اپنے حلقوں میں موجود رہیں، فائل فوٹو

سندھ میں سیلاب سے 50 ہزار سے زیادہ خاندان بے گھر ہوسکتے ہیں: پی ڈی ایم اے

کراچی:سندھ میں آئندہ دنوں میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر شمالی اضلاع میں 72 اور جنوبی اضلاع میں 106 ریسکیو کشتیاں تعینات کر دی گئی ہیں۔

جمعے کو وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حکام نے مراد علی شاہ کو ایک بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ تین اور چار ستمبر کی درمیانی شب سکھر کے گڈو بیراج پر سات سے آٹھ لاکھ کیوسک پانی داخل ہونے کا امکان ہے۔

اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کو بتایا گیا کہ اگر انتہائی اونچا سیلابی ریلا آیا تو 50 ہزار سے زیادہ خاندان بے گھر ہو سکتے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کے شمالی اضلاع میں 30 ہزار سے زیادہ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی تعیناتی کی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کے مطابق مراد علی شاہ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے اور ضرورت پڑنے پر غیرسرکاری مشینری کا بندوبست بھی کیا جائے۔