سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اور دیگر ملزمان رہا

کراچی — سرکاری اہلکار پر تشدد کے کیس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کے بھائی فرحان غنی سمیت تینوں گرفتار ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فرحان غنی کے وکیل وقار عالم عباسی ایڈووکیٹ نے ان کی رہائی کی تصدیق کی۔ بتایا گیا ہے کہ مقدمے کے مدعی حافظ سہیل احمد جدون نے کیس واپس لے لیا اور اس حوالے سے تحریری درخواست بھی تفتیشی افسر کے سپرد کر دی۔

یاد رہے کہ فرحان غنی اور دیگر افراد کے خلاف فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں سرکاری اہلکار کے ساتھ جھگڑا ہوتا دکھایا گیا۔

مدعی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ آپٹیکل فائبر کیبل کا کام دیکھ رہے تھے کہ 20 سے 25 افراد نے آ کر ان پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے کے بعد ملزمان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا اور عدالت نے 30 اگست تک جسمانی ریمانڈ بھی منظور کیا تھا۔