لنڈیکوتل میں بارش و سیلاب سے تباہی، صوبائی وزیر کا متاثرین سے اظہارِ یکجہتی
لنڈیکوتل میں بارش و سیلاب سے تباہی، صوبائی وزیر کا متاثرین سے اظہارِ یکجہتی

لنڈیکوتل میں بارش و سیلاب سے تباہی، صوبائی وزیر کا متاثرین سے اظہارِ یکجہتی

خیبر(نمائندہ امت) لنڈیکوتل میں شدید بارش اور سیلاب سے تباہی، مکانات، شاہراہ اور تعلیمی ادارے متاثر صوبائی وزیر عدنان قادری کا متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ضلع خیبر کی تحصیل لنڈیکوتل اور گرد و نواح کے علاقوں میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش اور اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے شدید تباہی مچادی۔ سیلابی پانی خیبر سلطان خیل میں جمیل خیل کے حجرے اور گھر اس طرح گورگورے، شینواری، علی مسجد، گرگورے کلے اور گل ولی زخہ خیل سمیت دیگر علاقوں میں بھی گھروں میں داخل ہوگیا

جس کے نتیجے میں کئی مکانات اور حجروں کی دیواریں گر گئیں جبکہ متعدد خاندان کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہوگئےسیلابی ریلوں نے لنڈیکوتل شاہراہ کو بھی شدید نقصان پہنچایا کئی گھنٹے ٹریفک معطل رہی اور مسافر گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ علاقے میں بجلی کے کھمبے اور ٹرانسفارمر بہہ گئے جبکہ انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ بعض اسکولوں کی چار دیواریاں متاثر ہونے سے تعلیمی سرگرمیوں میں تعطل کا خدشہ ہے۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم مالی نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے

 


الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے رضاکار مراد حسین آفریدی کی قیادت میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ مقامی آبادی کو خیمے اور ترپال فراہم کئے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندان عارضی طور پر پناہ لے سکیں
صوبائی وزیر مذہبی امور و اوقاف صاحبزادہ محمد عدنان قادری اور سینیٹر نورالحق قادری کی ہدایت پر انتظامیہ نے متاثرین تک ٹینٹس اور ضروری سامان پہنچا دیا۔ عدنان قادری نے متاثرہ خاندانوں سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت اور متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کو بھی متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ریلیف یقینی بنایا جا سکے
مقامی افراد نے حکومت سے مستقل بنیادوں پر بارانی ڈیمز اور شاہراہوں پر پل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں بارشوں اور سیلاب کے نقصانات سے بچا جا سکے۔