نصیرپور میں مقامی بند ٹوٹنے سے صورتحال سنگین

بہاولپور کے علاقے حاصل پور کے قریب موضع نصیرپور میں مقامی بند ٹوٹنے سے صورتحال سنگین ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے کے باعث درجنوں دیہات پانی میں گھر گئے ہیں جبکہ سیکڑوں ایکڑ زرعی زمین اور کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

رات گئے تک ریسکیو ٹیمیں متاثرہ دیہات میں پھنسے افراد اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف رہیں۔

پنجاب کے دریاؤں میں اب بھی سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ دریائے چناب میں ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکا ہے، جہاں 5 لاکھ 41 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے اور بہاؤ گھٹ کر 96 ہزار کیوسک رہ گیا ہے۔