کراچی پریس کلب میں ربیع الاوّل کی بابرکت مناسبت سے ایک پرنور اور روح پرور محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام پریس کلب کی مجلسِ عاملہ کی رکن مونا صدیقی کی زیرِ نگرانی ویمن کمیٹی کے تعاون سے کیا گیا۔ محفل کا مقصد ولادتِ باسعادت حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی خوشی کو تازہ کرتے ہوئے عقیدت و محبت کے جذبات کو اجاگر کرنا تھا۔
محفل کی روحانی فضا اُس وقت مزید مسحور کن ہوگئی جب سینئر صحافی اور معروف نعت خواں تابندہ لاری نے عقیدت و محبتِ رسول ﷺ سے لبریز نعتیہ کلام پیش کیا۔ ان کے ساتھ حنا حبیبہ، ثمرین احمد، روبینہ علوی اور سعدیہ عبید نے بھی درود و سلام کے نذرانے پیش کیے، جنہوں نے محفل کو مزید جِلا بخشی۔ شرکاء عشقِ رسول ﷺ کے جذبے سے سرشار نظر آئے اور محفل کا ہر لمحہ عقیدت و محبت سے معمور رہا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی ارم تنویر نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب کی جانب سے دینی و روحانی تقریبات کا انعقاد نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ اس سے محبتِ رسول ﷺ کے جذبے کو تقویت ملتی ہے۔
کراچی پریس کلب کی مجلسِ عاملہ اور ویمن کمیٹی نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے تحت دینی و ثقافتی محافل کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos