گجرات میں 577 ملی میٹر بارش نے تباہی مچادی، برساتی نالے ابل پڑے اور کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے۔ زرعی زمینوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ شہری علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔
ڈسٹرکٹ جیل اور سیشن کورٹ کے احاطے میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا، جس کے باعث متعدد قیدیوں کو لاہور اور گوجرانوالہ کی جیلوں میں منتقل کرنا پڑا۔
ضلع بھر میں آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ نکاسیٔ آب کے لیے گوجرانوالہ سے بھاری مشینری اور گاڑیاں بھجوا دی گئی ہیں۔
جلال پور جٹاں میں ایک دو منزلہ خالی عمارت بارش اور سیلابی پانی سے کمزور بنیادوں کے باعث زمین بوس ہوگئی۔
کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق مدینہ سیداں کے قریب حفاظتی بند تعمیر کرکے پانی کو نالے کی طرف موڑا جا رہا ہے۔
ادھر دریائے چناب میں دوسرا بڑا ریلا ہیڈ تریموں کی جانب بڑھ رہا ہے جس سے مزید علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos