لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں تاریخ میں پہلی مرتبہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے ’’کلینک آن بوٹس‘‘ (کشتیوں پر اسپتال) سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب ہیلتھ ٹیمیں سیلاب زدہ اضلاع میں متاثرین کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں خاص طور پر خواتین اور بچوں کے علاج کو اپنی ترجیح قرار دیا ہے۔ اس موقع پر 968 ’’کلینک آن ویل‘‘ اور میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کی صحت کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ حاملہ خواتین کے چیک اَپ کے لیے ڈاکٹرز اور عملہ تعینات ہیں، جبکہ ہر فلڈ کیمپ میں ملٹی وٹامنز، سینٹری کٹس اور دیگر ضروری سامان دستیاب ہے۔ رورل ایمبولینس سروس کے ذریعے حاملہ خواتین کو بروقت اسپتال منتقل کرنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
بچوں کی صحت کے لیے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز روزانہ کیمپوں کا دورہ کر رہے ہیں، جبکہ نومولود بچوں کی ویکسی نیشن کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
فلڈ ریلیف کیمپوں میں ملیریا، ہیضہ، پیٹ کی بیماریوں، اسکن انفیکشن اور کیڑوں کے کاٹنے سے ہونے والی تکالیف کے علاج کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ او آر ایس، اینٹی بائیوٹک اور دیگر ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔
غذائی قلت کا شکار بچوں کی اسکریننگ اور علاج کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos