فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی پھر ڈوب سکتا ہے؟

محمد نعمان:
کراچی میں ایک بار پھر موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کا ایک دباؤ موجود ہے، جو7 ستمبر سے 9 ستمبر تک سسٹم سندھ بھر میں اثر انداز ہوسکتا ہے۔ اس دوران کراچی میں تیز بارشوں کے ساتھ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات کی طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے باوجود شہر کے درجنوں چھوٹے برساتی نالوں کی صفائی پر اب تک کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل این ڈی ایم اے نے کراچی میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی تھی، جس پر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں تیز بارش کا امکان موجود نہیں۔ تاہم اس بار محکمہ موسمیات نے کراچی میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کا ایک دباؤ موجود ہے جو 7 سے 9 ستمبر تک سسٹم سندھ پر اثرانداز ہوسکتا ہے۔

اس سسٹم سے سندھ میں معتدل سے تیز بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے اور تیز بارش کی صورت میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد بھی شہر کے درجنوں چھوٹے برساتی نالوں کی صفائی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد سب سے زیادہ نقصان کا سبب چھوٹے برساتی نالوں سے پانی کی نکاسی نہ ہونا تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ بزرٹہ لائن، اختر کالونی، منظور کالونی، اعظم بستی، چنیسر گوٹھ، محمودآباد، منظور کالونی، آگرہ تاج کالونی، دریا آباد، نواآباد، بغدادی، شاہ بیگ لائن، سنگو لائن، علامہ اقبال کالونی، پرانا جاجی کیمپ، گارڈن، کھارادر، سٹی ریلوے کالونی، نانک واڑا، ملت نگر، صدر، بزرٹہ لائن، سول لائن، کلفٹن، مچھر کالونی، ماڑی پور، شیر شاہ، پی سی ایچ ایس ون ٹو، جٹ لائن، سینٹرل جیک لائن، جمشید کوارٹر، فاطمہ جناح کالونی، گارڈن ایسٹ، سولجر بازار، پاکستان کوراٹر، گلشن زون کے علاقے، سوک سینٹر، پی آئی بی کالونی، عیسیٰ نگری، گلشن اقبال، گلانی ریلوی، شانتی نگر، جمانی کالونی، گلشن اقبال، نیو دھوراجی، پہلوان گوٹھ، میٹرویل کالونی، گلزار حجری، صفورا گوٹھ ، جیکب لائن، محمود آباد، چنیسر گوٹھ، قائدآباد، لانڈھی، گلشن حدید، مراد میمن گوٹھ، گڈاپ، یوسف گوٹھ، منگھوپیر، ماڈل کالونی، جعفرطیار، غازی بروہی گوٹھ، اتحاد ٹاؤن، اسلام نگر، سعید آباد، مسلم مجاہد کالونی، مہاجر کیمپ، مومن آباد، مدینہ کالونی، بلال کالونی، اقبال بلوچ کالونی، بلوچ گوٹھ، پاک کالونی، فرنٹیئر کالونی، بنارس سمیت دیگر علاقوں سے چھوٹے برساتی نالے گزرتے ہیں۔

عض علاقے جن میں لائنز ایریا، بزرٹہ لائن، جیک لائن، شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور لانڈھی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں، وہاں چھوٹے برساتی نالوں کو مٹی ڈال کر بند کردیا گیا ہے۔ ان نالوں پر یا تو گھر بنا دیئے گئے ہیں یا دکانیں قائم ہیں۔ چھوٹے برساتی نالوں پر جگہ جگہ تجاوزات قائم ہیں جہاں سے ٹاؤن انتظامیہ اور کے ایم سی ماہانہ وصول کررہی ہیں جس کے باعث برساتی نالوں پر تجاوزات قائم ہیں۔ گزشتہ دنوں ہونے والی موسلادھار بارش سے سب سے زیادہ سرجانی ٹاؤن متاثر ہوا تھا۔ اس کی بڑی وجہ چھوٹے برساتی نالوں میں پانی کی نکاسی نہ ہونا تھی۔ سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی کے علاقوں کی گلی محلوں سے گزرنے والے چھوٹے برساتی نالے جگہ جگہ سے بند کردیئے گئے ہیں جس کے باعث ہربارش میں سرجانی اور نیو کراچی متاثر ہوتا ہے۔

’’امت‘‘ کو محکمہ موسمیات کے ایک سینئر افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ جمعہ سے سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس میں اضافہ ہوجائے گا۔ جمعہ اور ہفتے کے روز بھی شہر میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ افسر کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں مسلسل کمی آرہی ہے جس کی وجہ سے یہ سسٹم دن بدن طاقتور ہوتا جارہا ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ جیسے جیسے سسٹم قریب آئے گا، اس کی شدت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔