لاہور، پیراپلیجک سینٹر پشاور (پی سی پی) اور میراکل فیٹ نے پیدائشی ٹیڑھے پاؤں کے علاج کا دائرہ لاہور تک پھیلاتے ہوئے کلب فٹ کے خلاف جنگ کو نئی قوت بخشی ہے۔ لاہور کے دو بڑے ہسپتالوں گُھرکی ٹرسٹ ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں دو جدید کلب فٹ کلینکس قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں متاثرہ ننھے بچوں کے پاؤں بالکل مفت سیدھے کئے جائیں گے۔ یہ اقدام میراکل فیٹ یو ایس اے اور پی سی پی کے سربراہ ڈاکٹر سید محمد الیاس کے مشن کا حصہ ہے کہ کلب فٹ کا علاج خیبرپختونخوا سے نکال کر پورے پاکستان تک پھیلایا جائے۔ اس سے قبل پشاور، صوابی، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد، مظفرآباد، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں یہ کلینیکس کامیابی سے قائم کئے جا چکے ہیں اور اب تک پانچ ہزار پانچ سو سے زائد بچوں کا کامیابی سے بالکل مفت علاج ہو چکا ہے۔
اس ضمن میں پیراپلیجک سنٹر پشاور اور میراکل فیٹ کے اشتراک سے لاہور میں 16 صحت کے ماہرین کی تربیت کامیابی سے مکمل ہوئی جن میں آرتھوپیڈک سرجنز، فزیوتھراپیسٹس اور تکنیکی عملہ شامل تھا۔ یہ تربیت پونسیٹی طریقہ کار پر مبنی تھی جو کلب فٹ کے علاج کا عالمی طور پر آزمایا ہوا سو فیصد کامیاب نسخہ ہے۔
لاہور میں منعقدہ پروقار تقریب میں پی سی پی کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر الیاس سید اور چلڈرن ہسپتال کے میڈیکل سربراہ ڈاکٹر ٹیپو سلطان نے ان تربیت یافتہ ماہرین میں اسناد تقسیم کیں۔ ڈاکٹر سید محمد الیاس نے واضح کیا کہ یہ مشن اب مزید علاقوں اور صوبوں تک جائے گا تاکہ وطن عزیز کے ہر متاثرہ بچے کا اپنے گھر کے قریب مفت علاج ہو سکے اور اس کے غریب والدین دور دراز سفر کی زحمتوں سے بھی بچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ چھ تا سات ہزار بچے کلب فٹ کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور بروقت علاج نہ ہو تو وہ عمر بھر کیلئے اپاہج زندگی گزارنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اسلئے پی سی پی اور میراکل فیٹ کا اشتراک ملک بھر کے ہر متاثرہ بچے کیلئے امید کی کرن ہے۔
اس موقع پر اُنہوں نےمیراکل فیٹ کی ٹیم خصوصاً فیصل امتیاز (ریجنل کوآرڈینیٹر) کو خراج تحسین پیش کی، جن کی انتھک محنت سے ایک مختصر عرصے میں ہزاروں بچوں کو مستقل معذوری سے بچایا گیا۔
کلب فٹ پروگرام کے رابطہ کار ڈاکٹر عامر زیب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمارا عزم ہے کہ ہر متاثرہ بچے کا علاج اس کے گھر کے قریب مفت کیا جائے۔ یہ مرض خطرناک مگر قابل علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہم نے 100 سے زائد صحت کے ماہرین کو بہترین تربیت دی ہے جبکہ ہمارا پروگرام مسلسل تیسری بار بہترین کارکردگی کا اعزاز پا چکا ہے۔ پیراپلیجک سنٹر پشاور اور میراکل فیٹ کا اشتراک کلب فٹ بچوں کیلئے نہ صرف علاج بلکہ ایک روشن مستقبل کی نوید ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos