دشمن کو ہمیشہ ناکامی ہوئی، آئندہ جواب مزید سخت ہوگا، ایئر وائس مارشل
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزارِ قائد پر گارڈز کی ذمہ داری سنبھالنا ایئر فورس اکیڈمی کے لیے اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں اس دن کی یاد دلاتا ہے جب قوم نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ پاک فضائیہ ہر محاذ پر تیار ہے اور ماضی کی طرح آئندہ بھی قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ ناکامی ہوئی، آئندہ انہیں مزید سخت جواب ملے گا۔”
ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ پاک فضائیہ امن کے وقت میں بھی ملک و قوم کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ "بنیان المرصوص” مشقوں نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کر دی ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع محفوظ ہاتھوں میں ہے اور تکنیکی جدت نے پاک فضائیہ کو دنیا میں نمایاں مقام دلایا ہے۔
انہوں نے تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ عوام کی توقعات پر پورا اتری ہے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں یومِ شہداء و دفاع قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos