مسلح افواجِ پاکستان نے 60 ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر 1965 اس بات کی علامت ہے کہ پاکستانی قوم کا حوصلہ اور عزم ناقابل شکست ہے۔ اس تاریخی دن بہادر سپاہیوں نے پوری قوم کے تعاون سے دشمن کی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ستمبر 1965 پاکستانی قوم کے غیر متزلزل جذبے کی علامت ہے۔ مسلح افواج نے اس دشمن کو ناکام بنایا جو تعداد اور اسلحے میں ہم سے کہیں زیادہ تھا۔ شجاعت اور قربانی کی یہ داستانیں آج بھی آنے والی نسلوں کو حوصلہ دیتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پوری قوم اپنے شہداء، غازیوں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتی ہے۔ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ افواجِ پاکستان نے نہ صرف بیرونی جارحیت بلکہ دہشت گردی کے خلاف بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہر موقع پر عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں۔
ترجمان کے مطابق قدرتی آفات اور مصیبت کی گھڑی میں بھی افواجِ پاکستان عوام کے ساتھ کھڑی رہیں اور حالیہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یومِ دفاع و شہداء انکساری کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos