یومِ دفاع کی تقاریب،سکھر میں 300 فٹ بلند پرچم لہرایا گیا

یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب، ریلیوں اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔

سکھر میں یومِ دفاع کی مرکزی تقریب میں 300 فٹ بلند، 84 فٹ لمبا اور 56 فٹ چوڑا سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شہری بڑی تعداد میں جمع ہوئے۔ دادو، عمرکوٹ اور جامشورو کی سندھ یونیورسٹی میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

حافظ آباد، منڈی بہاءالدین اور کوٹ ادو میں بھی یومِ دفاع کے جلوس اور ریلیاں منعقد ہوئیں جہاں شرکاء نے "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج پائندہ باد” کے نعرے لگائے۔

ادھر سیالکوٹ میں یومِ دفاع کے موقع پر قلعہ سیالکوٹ میں ہلالِ استقلال کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "بنیان المرصوص” آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے اور دفاع وطن کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔