جلال پور پیر والا: سیلاب متاثرین کے انخلا کے دوران کشتی الٹنے سے 5 افراد جاں بحق

ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے دوران کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد ڈوب گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ پانی کے تیز بہاؤ اور کشتی کے عدم توازن کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 12 سے زائد افراد کو بچا لیا جبکہ ایک بچہ تاحال لاپتہ ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنر ملتان سے رابطہ کر کے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور ہدایت دی کہ متاثرین کے انخلا کے دوران کسی بھی کشتی میں اوورلوڈنگ نہ کی جائے۔ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولت فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق اب تک ملتان میں 9 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے، جبکہ 3 لاکھ سے زائد شہریوں اور مویشیوں کا پیشگی انخلا ممکن بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کشتی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کی بھرپور مدد کی جائے۔