پاک فضائیہ نے یومِ شہداء عقیدت و احترام سے منایا،ایئر چیف کا شہداء کو خراجِ تحسین

7 ستمبر کو پاک فضائیہ نے ملک بھر میں یومِ شہداء بھرپور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر تمام ایئر بیسز پر خصوصی تقریبات، قرآن خوانی اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا، جنہیں قیام پاکستان سے لے کر آج تک مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے جانبازوں کے نام منسوب کیا گیا تھا۔

مرکزی تقریب ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ایئر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کے شہداء کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ:

> "یومِ شہداء ہماری مسلح افواج کے عزم، قربانی اور بہادری کا مظہر ہے۔ بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود پاک فضائیہ اپنے مشن پر کاربند ہے۔”

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ خلا، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر ٹیکنالوجی اور مقامی دفاعی پیداوار کے شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو مسلسل فروغ دے رہی ہے تاکہ ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جا سکے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر ایئر چیف مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔