اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 6 مقدمات اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت 7 اکتوبر تک بڑھا دی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف 9 مئی واقعات، اقدامِ قتل اور احتجاجی مظاہروں سے متعلق مقدمات میں ضمانت میں توسیع کی گئی، جبکہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدوں کے الزام کے تحت ضمانت میں توسیع ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ ایک ساتھ سنایا جائے گا۔
عدالت میں آج بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ نہ کیا جا سکا جبکہ عمران خان کے کیسز میں دلائل بھی مکمل نہیں ہو سکے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ ترنول، کراچی کمپنی اور کوہسار سمیت دیگر تھانوں میں مقدمات زیرِ سماعت ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos