بھارت نے دریائے ستلج میں نیا سیلابی ریلہ چھوڑ دیا

لاہور: بھارت نے ایک بار پھر دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا جس سے صوبے میں سیلابی خطرات بڑھ گئے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کو پیشگی اطلاع دی جس کے بعد پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ہریکے اور فیروزپور ڈاؤن اسٹریم میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ سول انتظامیہ اور پاک فوج سمیت تمام ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب کے دریا مسلسل طغیانی کا شکار ہیں۔ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 61 ہزار کیوسک ہے جبکہ سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے ساتھ پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 37 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح دریائے چناب میں بھی پانی کی سطح بلند ہے۔ مرالہ کے مقام پر بہاؤ 69 ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر 1 لاکھ 8 ہزار کیوسک اور قادرآباد پر 1 لاکھ 20 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجند کے مقام پر دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جبکہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔