راولپنڈی، سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کامیاب آپریشنز کے دوران 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر 9 اور 10 ستمبر کو کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع مہمند کے علاقے گلونو میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔
اسی طرح شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں کیے گئے آپریشن میں مزید 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ضلع بنوں میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے
ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos