ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بیماری سے متعلق افواہیں مسترد کر دیں

 

عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ ان کے بارے میں پھیلائی جانے والی بیماری کی خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور حقیقت سے کوئی تعلق نہیں رکھتیں۔ ان کے وکیل اکبر الدین عبدالقادر نے بھی وضاحت کی کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک بالکل صحت مند ہیں اور اپنے گھر پر معمول کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذاکر نائیک اور ان کے اہل خانہ کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی باتیں بھارتی میڈیا کی جانب سے پروپیگنڈا ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور بے بنیاد خبروں سے گمراہ نہ ہوں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں بھارتی سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک ایڈز کا شکار ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ اور بیٹی کے بارے میں بھی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔