کراچی: سیلابی صورتحال کے پیش نظر کورنگی کراسنگ ملیر ندی اور ای بی ایم کاز وے کے راستوں کی بندش نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا ، صبح سے رات مین کورنگی روڈ ، قیوم آباد چورنگی ، جام صادق پل ، بلوچ کالونی ایکپسریس وے ، بروکس چورنگی اور ڈیفنس سنگل پر بدترین ٹریفک جام میں شہری گھنٹوں پھنسے رہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
بدترین ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں کا اپنی منزل تک پہنچنا محال ہوگیا جبکہ شہریوں کو سڑک عبور کرنے کے لیے راستہ ملنا بھی دشوار ہوگیا ، دونوں راستوں کی بندش کی وجہ سے ٹریفک جام کی بدترین صورتحال میں صبح کے وقت اپنے دفاتر اور دیگر کام کاج پر جانے والے شہریوں کو اعصاب شکن صورتحال کا سامان کرنا پڑا،بدترین ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی گاڑیوں میں سوار شہری حسرت و یاس کی تصویر بنے رہے۔
بلوچ کالونی ایکسپریس وے سے قیوم آباد جانے والے ٹریک اور قیوم آباد چورنگی سمیت کے پی ٹی انٹر چینج فلائی اوور سمیت ملحقہ سڑکوں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلں پھنسی ہوئی دکھائی دیں جبکہ ٹریفک جام میں پھنسی ہوئی پبلک ٹرانسپورٹ کی وجہ سے قیوم آباد چورنگی پر شہریوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین بھی شامل تھیں ،جو ٹرانسپورٹ کے انتظار میں کھٹی تھیں۔
بدترین ٹریفک جام کے دوران موٹر سائیکل سوار ایک سڑک سے دوسری سڑک پر اپنی موٹر سائیکلیں بھی پھلانگتے ہوئے دکھائی دیے ،اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ کورنگی کراسنگ ملیر ندی اور کاز وے ندی کے راستوں کی بندش کے حوالے سے ٹریفک پولیس متبادل راستوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں ناکام رہی جس کا خمیازہ شہریوں کو گھنٹوں ٹریفک کی صورت میں برداشت کرنا پڑا اور اس دوران ان کا نہ صرف وقت بلکہ اضافی ایندھن بھی بلاوجہ ضائع ہوا،ٹریفک پولیس کی نااہلی نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیے رکھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos