پنجاب پبلک سیفٹی موبائل ایپ اب بغیر انٹرنیٹ بھی دستیاب

 

لاہور: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پبلک سیفٹی موبائل ایپ کو انٹرنیٹ کے بغیر استعمال کے قابل بنا دیا ہے۔ نئی اپ گریڈ کے تحت شہری اب 30 دن تک یہ ایپ بغیر موبائل ڈیٹا یا وائی فائی چارجز کے استعمال کرسکیں گے۔

اتھارٹی کے مطابق اس سہولت کا مقصد کمزور اور ضرورت مند طبقات کو فوری سہولت فراہم کرنا اور ایمرجنسی رسپانس کو مزید موثر بنانا ہے۔ ماضی میں ایپ صرف انٹرنیٹ کنیکشن پر کام کرتی تھی جس کے باعث کم کنیکٹیویٹی والے علاقوں کے شہری مشکلات کا سامنا کرتے تھے۔ اب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی معاونت سے یہ مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔

ایپ میں متعدد نئی خصوصیات بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں ایک کلک پر SOS الرٹ، مرگی کے مریض کے گرنے کی اطلاع، حادثات و سیلاب کی رپورٹنگ، فیملی ٹریکنگ اور خصوصی سائن لینگوئج ایجنٹس کی سہولت شامل ہے تاکہ سماعت اور گویائی سے محروم افراد کو بھی ایمرجنسی سپورٹ مل سکے۔

یہ ایپ براہِ راست ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، ایمبولینس سروس، موٹروے پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول اور دیگر ڈیزاسٹر رسپانس اداروں سے منسلک ہے۔ اس کے ذریعے شہری کرائم رپورٹنگ، ای چالان ویریفیکیشن اور گمشدہ بچوں کی اطلاع بھی فراہم کرسکتے ہیں۔

پبلک سیفٹی ایپ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے اور خاص طور پر خواتین، بچوں، بزرگوں، اقلیتوں اور معذور افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔ ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد احسن یونس کے مطابق یہ اپ گریڈ شہریوں کے تحفظ میں اضافے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل گورننس پر عوامی اعتماد کو بھی مستحکم کرے گی۔