گنڈاپور کا افغان سفارتخانے کا دورہ، زلزلہ متاثرین سے اظہار ہمدردی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے افغان سفارتخانے کا دورہ کیا اور افغان سفیر سے ملاقات میں افغانستان میں حالیہ زلزلے کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران علی امین گنڈاپور نے کہا کہ زلزلے کی تباہ کاریوں پر دلی صدمہ ہے اور صوبائی حکومت متاثرین کی ہر ممکن معاونت کے لیے تیار ہے۔ افغان سفیر نے اس تعاون پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغان شہریوں کی واپسی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ واپس جانے والے افغان مہاجرین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ مذاکرات کو خطے میں پائیدار امن کے لیے واحد حل قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔