کراچی میں رات گئے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پُرتشدد واقعات پیش آئے جن میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ڈرگ روڈ کے قریب گھر سے ایک نوجوان کی لاش ملی جس کی شناخت ارتضیٰ علی کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ مقتول نے پسند کی شادی کی تھی اور وہ اپنے سسرال آیا ہوا تھا۔ واقعہ بظاہر غیرت کے نام پر قتل معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہے۔
سپر ہائی وے جنجال گوٹھ میں نامعلوم افراد نے چھری کے وار سے 40 سالہ وحید اللّٰہ کو قتل کر دیا، مقتول کا تعلق اپر دیر سے تھا اور ابتدائی تفتیش میں واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا گیا۔
ادھر جوہر موڑ کے قریب فائرنگ سے 19 سالہ ایمن نامی لڑکی زخمی ہوئی، جبکہ شاہ فیصل کالونی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 25 سالہ شہروز زخمی ہوگیا۔
گلشن حدید میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر 45 سالہ خالد فائرنگ سے زخمی ہوا، پاک کالونی میں حسن الہٰی نامی شخص کو نامعلوم سمت سے گولی لگی۔
دریں اثناء، فیڈرل بی ایریا بلاک 15، ڈیفنس فیز 8 اور لیاری بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران پولیس نے 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جن میں 4 زخمی بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کی گئیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos