ثناء یوسف قتل کیس میں اہم پیش رفت

 

اسلام آباد: سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے۔ عدالت نے اعلان کیا ہے کہ 20 ستمبر کو ملزم پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

آج سماعت کے دوران ملزم کو ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو چالان کی نقول فراہم کر دیں۔

یاد رہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ سنبل میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ 2 جون کو اسلام آباد کے علاقے جی-13/1 میں پیش آیا تھا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں ثناء یوسف جاں بحق ہو گئی تھیں۔

مقدمے کے مطابق 3 جون کو درج کی گئی ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ پیر کی شام تقریباً 5 بجے ملزم گھر میں داخل ہوا اور فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ثناء یوسف کے سینے میں دو گولیاں لگیں۔ شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنے کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکیں۔