لاہور: پنجاب اسمبلی میں ٹک ٹاک پر مکمل پابندی کے حوالے سے قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔
یہ قرارداد اپوزیشن رکن اسمبلی فرخ جاوید مون نے پیش کی، جس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک پر لائیو چیٹ کے ذریعے فحاشی اور عریانی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جو نوجوان نسل خصوصاً بچوں کو بے راہ روی کی طرف لے جا رہا ہے۔ مزید کہا گیا کہ اس پلیٹ فارم پر نوجوان لڑکے اور لڑکیاں غیر اخلاقی گفتگو اور حرکات میں ملوث ہو رہے ہیں، جو اسلامی اور معاشرتی اقدار کے خلاف ہے۔
قرارداد میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سستی شہرت اور پیسہ کمانے کی خواہش نوجوانوں کو ٹک ٹاک کی طرف کھینچ رہی ہے، جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے۔
ایوان نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر ٹک ٹاک اور اس کے لائیو چیٹ فیچر پر پابندی عائد کرے تاکہ نوجوان نسل کو اخلاقی نقصان سے بچایا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اس سے قبل بھی ٹک ٹاک پر کئی بار عارضی پابندیاں لگائی جا چکی ہیں، جن کی بنیادی وجہ فحاشی اور غیر اخلاقی مواد قرار دیا گیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos