دبئی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ اگر ایشیا کپ میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو پاکستانی ٹیم باقی میچز نہیں کھیلے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل معاملہ سلجھانے کے لیے درمیانی راستہ نکالنے کی کوشش کر رہا ہے، اور تجویز دی گئی ہے کہ پورے ٹورنامنٹ کے بجائے صرف پاکستان کے میچز میں پائی کرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن کو مقرر کیا جائے۔
دو روز قبل پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ اس موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔ اس سے قبل پائی کرافٹ نے پاکستان کے میڈیا منیجر کو بھی کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہ کیا جائے۔
میچ کے اختتام پر پی سی بی کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا، جس پر اینڈریو رسل نے کہا کہ بھارتی بورڈ اور بھارتی حکومت کی ہدایات ملنے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔
پی سی بی نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو لکھے گئے خط میں موقف اختیار کیا کہ میچ ریفری نے ایم سی سی قوانین اور “اسپرٹ آف دی گیم” کی خلاف ورزی کی ہے اور اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ خط میں مزید کہا گیا کہ یہ بہت بڑی خلاف ورزی ہے اور پاکستان اس پر سخت موقف اختیار کرے گا۔
ذرائع کے مطابق، اگر میچ ریفری کی تبدیلی نہ کی گئی تو پاکستان ایشیا کپ کے مزید میچز میں حصہ نہیں لے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos