لاہور: ایریگیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر سیال نے کہا ہے کہ لاہور میں زیر زمین پانی تیزی سے نیچے جا رہا ہے اور صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے۔
ان کے مطابق لاہور کی گلیاں، بازار اور گرین بیلٹس کو پختہ کرنے سے زمین کے "پھیپھڑے” بند ہو گئے ہیں، جس کے باعث حالیہ بارشوں کے باوجود پانی کی سطح بلند نہیں ہو سکی۔
ڈاکٹر سیال نے بتایا کہ حالیہ بارشوں کا صرف 15 لاکھ لیٹر پانی مصنوعی طریقے سے ریچارج ہو پایا، جبکہ باقی پانی گٹروں اور نالوں میں ضائع ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی اب 700 فٹ نیچے جا چکا ہے، جبکہ شہر میں لگے 1500 سے 1800 ٹیوب ویل دن رات پانی کھینچ رہے ہیں۔ بارش کے پانی کا صرف 3 فیصد حصہ زیر زمین ذخائر کو ریچارج کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کی سطح بہتر بنانے کے لیے ریچارجنگ کنوؤں کی تعمیر ناگزیر ہے، جبکہ بڑے ڈیموں کے ساتھ ساتھ زیر زمین ڈیم بھی وقت کی ضرورت ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos