بنوں ، خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیے گئے، جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 4 زخمی ہوئے
ترجمان پولیس کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں نے پہلے میریان تھانے اور بعد ازاں مزنگ چوکی کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے دلیری سے دونوں حملے پسپا کر دیے۔ میریان تھانے پر حملہ تقریباً 20 منٹ میں ناکام بنا دیا گیا جبکہ مزنگ چوکی پر درجنوں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جو ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور 4 زخمی ہوئے ، جبکہ ان کے ساتھی لاشیں اور زخمیوں کو ساتھ لے کر فرار ہوگئے۔ واقعے میں پولیس کے 3 اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔
دوسری جانب کرک کے گرگری تھانے پر بھی دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں تھانے کے قریب آنے سے روک دیا۔
شیرانی میں حملہ، 4 اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں بھی رات گئے دہشت گردوں نے **پولیس لائنز اور لیویز تھانے پر حملہ کیا۔ اس واقعے میں **لیویز کے 3 اہلکار اور کانسٹیبلری کا ایک جوان شہید** جبکہ 6 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حملے میں تھانوں کا کمیونیکیشن سسٹم تباہ ہوگیا اور لیویز کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی اضافی فورس ژوب سے طلب کر لی گئی اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos