جی ایچ کیو حملہ کیس: پنجاب حکومت نے جیل ٹرائل کا فیصلہ واپس لے لیا

راولپنڈی: پنجاب حکومت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ اب یہ کیس اور 9 مئی کے دیگر مقدمات اڈیالہ جیل کے بجائے انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) راولپنڈی میں چلائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں نیا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو ضرورت پڑنے پر ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ دیگر ملزمان براہِ راست اے ٹی سی راولپنڈی میں پیش ہوں گے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے کہا کہ آج 9 مئی کے گیارہ مقدمات کی سماعت تھی، تاہم جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت باقی مقدمات کی سماعت یکم اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کو بتایا گیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس جیل ٹرائل سے واپس اے ٹی سی راولپنڈی میں آ رہا ہے اور بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔ فیصل ملک نے کہا کہ ہم عدالت میں یہ درخواست دائر کر رہے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو براہِ راست عدالت میں پیش کیا جائے، اور ہم پنجاب حکومت کے اس نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں۔