مغوی اسسٹنٹ کمشنر حنیف نورزئی بازیاب، خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ منتقل

بلوچستان کے ضلع کیچ سے ساڑھے تین ماہ قبل اغوا ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی کو بازیاب کرا لیا گیا۔ انہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خصوصی طیارے کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کیچ کے مطابق حنیف نورزئی کی بازیابی قبائلی شخصیات اور ضلعی انتظامیہ کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ مسلح افراد نے انہیں بدھ کی شب رہا کیا۔

یاد رہے کہ 3 جون 2025 کو اسسٹنٹ کمشنر حنیف نورزئی کو کیچ سے کوئٹہ آتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا۔ اس وقت وہ اپنے اہل خانہ، ڈرائیور اور محافظوں کے ساتھ سفر پر تھے۔ اغوا کار صرف انہیں اپنے ساتھ لے گئے جبکہ ان کی اہلیہ اور محافظوں کو چھوڑ دیا گیا تھا۔

ان کی رہائی کی اطلاع ملنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا خصوصی طیارہ رات ساڑھے 10 بجے تربت پہنچا، جہاں سے حنیف نورزئی کو کوئٹہ منتقل کیا گیا۔