پاک۔سعودی دفاعی معاہدے پر علما کونسل کا جمعہ یوم تشکر و دعا منانے کا اعلان

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر پاکستان علما کونسل نے جمعہ کو یومِ تشکر اور یومِ دعا کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔

چیئرمین علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ پاکستانی افواج کے لیے بھی اعزاز ہے کہ وہ ارضِ حرمین شریفین کے دفاع میں کردار ادا کریں گی۔

یاد رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ریاض میں دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع کو یقینی بنانا ہے۔ معاہدے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان آٹھ دہائیوں پر محیط قریبی تعلقات اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تناظر میں یہ معاہدہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ملاقات بھی کی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔