پنجاب کے مختلف تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 2025ء کے نتائج جاری کر دیے، جن میں پنجاب گروپ آف کالجز نے حسب روایت نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔
لاہور بورڈ کے مطابق امتحانات میں ایک لاکھ 80 ہزار 329 طلبہ نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 9 ہزار 741 کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا تناسب 60.86 فیصد رہا۔ لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب 70 فیصد جبکہ لڑکوں کا 48 فیصد رہا۔
ملتان بورڈ کے امتحانات میں بھی طلبہ و طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پنجاب گروپ آف کالجز نے مجموعی طور پر 14 پوزیشنز اپنے نام کر لیں۔
گوجرانوالہ بورڈ کے تحت ایک لاکھ 35 ہزار 810 طلبہ نے امتحانات دیے جن میں سے 85 ہزار 702 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 63.10 فیصد رہا۔ اس بورڈ کی 33 پوزیشنز میں سے 22 پوزیشنز پنجاب کالج کے حصے میں آئیں۔ پنجاب کالج کے سبحان اقبال نے 1157 نمبر لے کر دوسری اور زاویار احمد نے 1156 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
فیصل آباد بورڈ کے نتائج میں کامیابی کا تناسب 73.71 فیصد ریکارڈ کیا گیا، ایک لاکھ 4 ہزار 9 طلبہ میں سے 76 ہزار 661 کامیاب قرار پائے۔
بہاولپور بورڈ میں 55 ہزار 727 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 35 ہزار 404 کامیاب ہوئے، کامیابی کا تناسب 63.53 فیصد رہا۔ اس بورڈ کی سات نمایاں پوزیشنز بھی پنجاب گروپ آف کالجز کے طلبہ نے حاصل کیں۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیابیاں طلبہ، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہیں۔ نمایاں طلبہ کو جلد تعریفی اسناد اور انعامات سے نوازا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos