"مہکاں” ادبی ایوارڈ ۔ 2025 ء کی چوتھی شاندار تقریب

اسلام آباد (پریس ریلیز) "مہکاں پنجابی ادبی بورڈ "کے زیرِ اہتمام "مہکاں ادبی ایوارڈ 2025ء” کی چوتھی تقرِیب رائٹرز ہاؤس ، اکادمی ادبیات پاکستان میں مُنعقد ہوئی ۔ تقرِیب کی صدارت معروف شاعر و نقاد صفدر حسین وامق نے کی ، جبکہ مہمانِ خصُوصی کے طور پر نامور کہانی کار ملک مہر علی نے شرکت کی ۔
مہمانِ اعزاز پروفیسر آف سرجری ، افسانہ نگار ڈاکٹر نادر محمود اور معروف فِکشن رائٹر علی اکبر ناطق تھے ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پنجابی شاعر محمود امجد ہرل نے نبھاۓ ۔ اس تقرِیب میں سال 2025ء میں شائع ہونے والی کُتب پر قلمکاروں کو ایوارڈ دیے گئے ۔


"مہکاں” ادبی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد ، جعفر انجم جٹیانہ ، امجد بٹ ، سلیم سرور ، محمد آصف مرزا ، شاھد سلیم اور رحمت عزیز چِترالی شامل تھے جِنہیں اُن کی کُتب پر ایوارڈ دئیے گئے ۔ معرُوف شاعر عمران نواز گوندل کو پنجابی ادب کے لیے نمایاں خِدمات پر "پنجابی سیوک ایوارڈ” سے نوازا گیا ۔
صدرِ تقرِیب صفدر حسین وامق نے کہا کہ "مہکاں پنجابی ادبی بورڈ "نوجوان نسل کو ادبی شعُور دینے اور زُبان و ثقافت کے فروغ میں قابلِ تقلِید خِدمات سرانجام دے رہا ہے ۔

 


مہمانِ خصُوصی ملک مہر علی نے کہا کہ "مہکاں پنجابی ادبی بورڈ” کی یہ ادبی سرگرمیاں ہماری زُبان ، ادب اور تخلِیقی روایت کو نئی توانائی فراہم کر رہی ہیں ۔
تقرِیب کے آخر میں ڈاکٹر مُشتاق عادِل نے تمام مہمانوں کا شُکریہ ادا کِیا ، مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کی کارکردگی پیش کی اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں ۔ اِس پروگرام میں اٹک ، چکوال ، راولپنڈی ، مری ، اِسلام آباد اور شمالی علاقہ جات کے قلمکاروں نے شرکت کی ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل” مہکاں پنجابی ادبی بورڈ کے زیرِ اہتمام سال 2025ء میں چھپنے والی کتابوں پر ساہیوال ، فیصل آباد اور لاہور میں ایوارڈز دینے کی تقارِیب ہو چُکی ہیں ۔