جلال پور پیروالا میں موٹروے ایم 5 کا حصہ سیلاب میں بہہ گیا

 

ملتان کے قریب جلال پور پیروالا میں سیلابی ریلے کے باعث موٹروے ایم 5 کا ایک اور حصہ بہہ گیا ہے۔

چیف پولیس آفیسر ملتان کے مطابق موٹروے کے مشرقی حصے میں شگاف پڑنے سے پانی تیزی سے داخل ہوا اور سڑک کا بڑا حصہ ڈوب گیا۔ اس سے قبل ایم 5 کا مغربی حصہ بھی سیلاب کی نذر ہو چکا تھا۔ موٹروے پولیس اور این ایچ اے کا عملہ بھاری مشینری کے ساتھ بحالی کے کاموں میں مصروف ہے۔

اہم حکام نے بتایا کہ دریائے ستلج کا تیز بہاؤ دریائے چناب کی جانب بڑھ رہا ہے اور پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے شگاف پر پتھر ڈالے جا رہے ہیں۔ ملتان سے جھانگڑہ تک آٹھویں روز بھی موٹروے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایم 5 کی بندش کے دوران مسافر ملتان سے سکھر تک قومی شاہراہ کو متبادل راستے کے طور پر استعمال کریں۔ شاہ شمس انٹرچینج سے قومی شاہراہ کے ذریعے اوچ شریف انٹرچینج تک پہنچا جا سکتا ہے، جہاں سے دوبارہ موٹروے ایم 5 جوائن کی جا سکتی ہے۔