وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بیٹی کو ایچ پی وی ویکسین لگوا دی

 

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اپنی اکلوتی بیٹی کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ایچ پی وی ویکسین لگوائی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کے بارے میں پھیلایا جانے والا منفی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ جیسے اپنی بیٹی عزیز ہے، ویسے ہی قوم کی بیٹیاں بھی عزیز ہیں۔ دنیا کے 150 ممالک میں یہ ویکسی نیشن ہوچکی ہے اور پاکستان اس فہرست میں 151 واں ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتیاط ہمیشہ علاج سے بہتر ہے، قوم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری فیملی کبھی کیمروں کے سامنے نہیں آئی لیکن آج میں اپنی بیٹی کو خود ویکسین لگوانے لایا ہوں تاکہ عوام کو پیغام جائے کہ یہ ویکسین محفوظ ہے۔

مصطفیٰ کمال نے اپیل کی کہ قوم پروپیگنڈے پر کان نہ دھرے اور صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دے۔