لندن: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں اور انہیں ساتھ رہنا ہے، لیکن جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا کوئی امکان نہیں۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک چار جنگیں ہو چکی ہیں جن پر اربوں ڈالر ضائع ہوئے۔ یہ وسائل عوام کی خوشحالی اور ترقی پر صرف کیے جانے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ برابری کی بنیاد پر بات چیت چاہتا ہے لیکن کشمیر کے بغیر تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
تقریب کے دوران انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی محنت و قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا لندن میں خطاب آج نشر کیا جائے گا۔ عطا تارڑ کے مطابق تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے جبکہ وزیراعظم نے آپریشنز، معیشت اور سفارتی تعلقات پر بھی اظہارِ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف لندن میں قیام کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ عالمی برادری سے خطاب کریں گے اور غزہ پر خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos