فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم 6 اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف آج سے امریکا کا اہم دورہ کر رہے ہیں، جہاں وہ منگل کو 6 اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات اور 26 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، وزیراعظم کی کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی طے پا گئی ہیں۔

وزیراعظم منگل 23 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اسلامی ممالک کے وفد کے ہمراہ ملاقات کریں گے۔ صدر ٹرمپ نے پاکستان، سعودی عرب، ترکی، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا اور مصر کا رہنماؤں کو مشترکہ ملاقات کی دعوت دے رکھی ہے۔

ایکسپریس نیوز کو دستیاب وزیراعظم کی نیویارک میں مصروفیات کے شیڈول کے مطابق وزیراعظم جمعہ 26ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے جبکہ ان سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو خطاب کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی آج پیر کو مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر کانفرنس میں شرکت متوقع ہے۔

وزیراعظم منگل کو سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے مہمان سربراہان کے اعزاز میں استقبالیہ میں شرکت کریں گے، جس کے بعد ان کی آسٹریا کے چانسلر کرسٹین اسٹاکر سے ملاقات متوقع ہے۔ وزیراعظم منگل کو ہی قطر کے ولی عہد و وزیراعظم شیخ صباح الخالد، اردن کے شاہ عبداللہ دوم، سری لنکا کے صدر انورا کمارا سدونائیکے سے ملیں گے۔