اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن پر عوام اور قیادت کو مبارکباد پیش کی۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اعتماد، اخوت اور روحانی رشتے پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق حرمین شریفین کی موجودگی پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی سیکیورٹی اور دفاعی شراکت داری خطے کے امن و استحکام کی ضامن ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دورۂ ریاض کے دوران ملنے والا والہانہ استقبال دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دین اسلام، بھائی چارے اور اعتماد پر مبنی ہیں، جو ہمیشہ قائم رہیں گے۔ انہوں نے سعودی عرب کی ترقی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے کردار کو ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت اور قیادت کا نتیجہ قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی عوام اور قیادت کی یکجہتی پاکستانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق سعودی عرب کا معاشی تعاون پاکستان کے لیے ہمیشہ قابلِ قدر رہے گا اور لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی اور عظمت عطا فرمائے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos