پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں پشاور، لنڈی کوتل اور خیبر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ ملاکنڈ اور بٹ خیلہ شہر اور گردونواح میں بھی زلزلے سے زمین لرز اٹھی۔
زلزلے کے باعث جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے تاہم زلزلے سے فی الحال کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ زلزلے کی گہرائی 20 کلومیٹر اور مرکز جنوبی افغانستان تھا۔
اس سے قبل 18 ستمبر کو بھی خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں مینگورہ شہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلہ ہپیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز تاجکستان افغانستان کا بارڈر تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos