سندھ کے 14 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات، پولنگ جاری

سندھ کے 14 اضلاع کی 28 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔

انتخابی کمیشن سندھ کے ترجمان کے مطابق کراچی کے تین اضلاع سمیت حیدرآباد، دادو، جامشورو، مٹیاری، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ، بدین اور ٹھٹھہ میں بھی ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

صوبے بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریباً دو لاکھ 43 ہزار ہے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔

ترجمان کے مطابق صاف، شفاف اور پُرامن انتخاب یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں مانیٹرنگ کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے، جو پولنگ کے تمام مراحل اور نتائج کی وصولی تک فعال رہے گا۔