وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیرا فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نئے اہلکاروں کو مبارکباد دی۔
مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس میں شامل ہونے والے اہلکاروں کو ملک اور قوم کی خدمت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور شہریوں کی تکالیف کو محسوس کرنے کے جذبے کے ساتھ ذمہ داریاں انجام دیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پیرا فورس کا قیام عوام کی سہولت اور تحفظ کے لیے عمل میں لایا گیا اور اس کی کارکردگی مثالی ہے۔ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے اور بازاروں میں سہولت پیدا کرنے پر عوام، خاص طور پر خواتین، کی خوشی کا ذکر کیا۔
مریم نواز نے سیلاب کے دوران اجتماعی کوششوں اور عوامی خدمت کو فخر کا سبب قرار دیا اور کہا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین بھی شامل ہیں، جو شہریوں کی حفاظت میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے مصنوعی مہنگائی سے عوام کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پنجاب میں نیا گورننس ماڈل متعارف کرایا گیا ہے۔ نوجوانوں سے اپیل کی کہ رشوت نہیں لیں اور عوام کی خدمت کو اولین ترجیح بنائیں۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ سی سی ڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امن قائم کرنے میں یہ محکمہ کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور بیشتر اضلاع میں جرائم کی شرح صفر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کو ماؤں اور بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنانے کی کوشش جاری رہے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos