واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان آج واشنگٹن میں ملاقات طے پا گئی ہے۔ یہ ملاقات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے چار بجے اوول آفس میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی اس میں شریک ہوں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مسلم رہنماؤں اور امریکی صدر کے مشترکہ اعلامیے پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی بات ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اس حوالے سے اہم اجلاس میں شریک ہیں تاکہ اعلامیے کو عملی شکل دی جا سکے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین اور کشمیر سمیت تمام اہم مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔ انہوں نے معرکہ حق کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو واضح شکست دی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو دکھایا کہ جنگ کیسے لڑی جاتی ہے۔
شہباز شریف نے بنگلادیش کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آ رہی ہے اور تجارتی و سفارتی روابط کو مزید بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل نیویارک میں اسلامی ممالک کے رہنماؤں اور امریکی صدر کے اجلاس کے دوران بھی وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات ہوئی تھی، جہاں دونوں رہنما دوستانہ ماحول میں کافی دیر تک گفتگو کرتے رہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos