اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک بڑی پیشرفت کرتے ہوئے فراڈ متاثرین کو رقوم کی ادائیگی کے لیے نیا آن لائن نظام متعارف کرا دیا ہے۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں ابتدائی طور پر B4U فراڈ کے متاثرین کو براہِ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں بازیاب شدہ رقم منتقل کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین، ڈائریکٹر جنرلز، نیشنل بینک آف پاکستان کی انتظامیہ اور سینئر نیب حکام بھی شریک تھے۔
چیئرمین نیب نے خود آن لائن منتقلی کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے متاثرین کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور رقوم براہِ راست بینک اکاؤنٹس میں پہنچیں گی۔
اس سے پہلے متاثرین کو پے آرڈرز کے ذریعے محدود تعداد میں ادائیگی کی جاتی تھی، جس میں زیادہ وقت لگتا تھا اور دفاتر کے دورے لازمی تھے۔ اب یہ طریقہ کار مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہو گیا ہے، جس سے متاثرین کے لیے سہولت اور شفافیت دونوں میں اضافہ ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos