وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات نہایت مثبت اور حوصلہ افزا رہی۔ ان کے مطابق امریکا نے تجارت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔
نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات کے دوران معیشت، انسداد دہشت گردی، معدنیات، مصنوعی ذہانت، آئی ٹی اور کرپٹو کرنسی جیسے اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیرف کے معاملے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا گیا جبکہ معدنیات کی قیمتوں کے شفاف تعین اور پاک–امریکا تجارتی معاہدوں کو باہمی مفادات کی بنیاد پر آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ سعودی عرب کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چالیس برسوں میں ایسا شاندار استقبال پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
ملکی دفاع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دانشمندی اور جرأت کے ساتھ افواج پاکستان کی قیادت کی۔ ان کے مطابق جنگ کے دوران پاکستان نے سات دشمن طیارے گرائے اور متعدد حملے کیے، جس کے بعد جنگ بندی کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملکی معیشت مائیکرو لیول پر مستحکم ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمندر پار پاکستانی ملک کے اصل سفیر ہیں جنہوں نے سال 2024-25 میں ساڑھے 38 ارب ڈالر وطن بھجوائے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos