اسلام آباد: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 سے تخمینی مارکیٹ ویلیو (Estimated Market Value) کا خانہ ختم کر دیا۔
اس سلسلے میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم، وزیرِ مملکت برائے خزانہ، اٹارنی جنرل، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے کوآرڈینیشن، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور ممبر کسٹمز شامل تھے۔
کمیٹی نے 26 ستمبر کو اجلاس میں ٹیکس دہندگان کو درپیش مشکلات پر تفصیلی غور کے بعد سفارش کی کہ ریٹرن فارم سے یہ خانہ ختم کر دیا جائے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کی سفارش منظور کرتے ہوئے ایف بی آر کو فوری عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی۔
ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ یہ خانہ محض معاشی سروے کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے مقصد سے شامل کیا گیا تھا اور اس کا ٹیکس دہندگان کی آمدن یا ٹیکس ذمہ داری سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
ادارے نے واضح کیا کہ وہ ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور تمام اہل افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے انکم ٹیکس ریٹرن 30 ستمبر 2025 تک بروقت اور درست طریقے سے جمع کروائیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos