لکی مروت: خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 26 اور 27 ستمبر کو کیا گیا جس میں پاک فوج، اسپیشل سروسز گروپ اور سی ٹی ڈی نے حصہ لیا۔ مارے گئے دہشت گرد مُلا نذیر گروپ سے تعلق رکھتے تھے اور مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ درشہ خیل میں ہونے والی اس کارروائی میں 7 سے 10 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے جس کی شناخت بنگلادیشی شہری کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے قبضے سے بنگلادیش کا شناختی کارڈ، کرنسی اور دیگر سامان ملا ہے۔
حکام کے مطابق اس سے قبل بھی مختلف کارروائیوں میں بنگلادیش سے تعلق رکھنے والے چند افراد مارے جا چکے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ لوگ تبلیغی سرگرمیوں کے لیے افغانستان گئے تھے جہاں انہیں شدت پسند گروہوں نے اپنے نیٹ ورک میں شامل کر لیا۔
مزید برآں، پاکستانی انٹیلی جنس معلومات پر بنگلادیشی حکام نے بھی اپنے ملک میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos