باجوڑ میں بارودی مواد پھٹنے سے 3 بچے جاں بحق، 5 زخمی

باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں دہشتگردوں کی جانب سے چھوڑا گیا بارودی مواد پھٹنے سے 3 معصوم بچے جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بچے کھیلے کے دوران بارودی مواد کے قریب پہنچ گئے جو اچانک دھماکے سے پھٹ گیا۔ واقعے کے بعد پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا، جہاں ان کا علاج ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں جاری ہے۔

مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند گروہ ماضی میں بھی شہری آبادیوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کے لیے بارودی مواد کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سانحے سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقے میں دہشتگردوں نے کس طرح خطرناک بارودی جال بچھا رکھا ہے۔

یاد رہے کہ وادیٔ تیراہ میں بھی اس سے قبل دہشتگردوں کے ذخیرہ شدہ بارودی مواد پھٹنے سے متعدد شہری جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں کئی دہشتگرد مارے گئے تھے۔

پاک فوج نے عزم ظاہر کیا ہے کہ عوام کے تعاون سے باجوڑ اور اطراف کے علاقوں کو دہشتگردوں اور ان کے بارودی جالوں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔