اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا جمہوری حق ہے جو شفافیت، جواب دہی اور عوامی خود مختاری کو یقینی بناتا ہے۔
عالمی یومِ رسائی برائے معلومات کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معلومات کے آزادانہ بہاؤ سے اچھی حکمرانی کو فروغ ملتا ہے، ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد قائم ہوتا ہے اور سماجی شمولیت مضبوط ہوتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ باخبر معاشرے ہی امن، انصاف اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت قانون سازی اور اصلاحات کے ذریعے شہریوں کو معلومات تک مساوی رسائی فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی تاکہ خواتین اور نوجوان بھی ڈیجیٹل دور میں یکساں مواقع حاصل کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن معلومات فراہم کرنے اور شکایات کے ازالے کے لیے متحرک ہے جبکہ عوامی ریکارڈ کو محفوظ اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی جاری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سب اسٹیک ہولڈرز کو مل کر ایک ایسا کھلا، شفاف اور علم پر مبنی معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جو عوام کو بااختیار بنائے اور جمہوریت کو مزید مستحکم کرے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos