سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کا پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ

پشاور، اسلام آباد سے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نِیپا) کے زیرِتربیت 38ویں سینئر مینجمنٹ کورس (ایس ایم سی) کے 16 افسران نے ڈاکٹر سیدہ فائزہ عروج کی قیادت میں پیراپلیجک سنٹر پشاور کا دورہ کیا۔

پیراپلیجک سنٹر کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے وفد کو ادارے کے چار دہائیوں پر محیط تاریخی پس منظر، خدمات اور جدید سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو ریڑھ کی ہڈی کے متاثرہ مریضوں کو جامع جسمانی اور نفسیاتی بحالی کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ ڈاکٹر الیاس سید کے مطابق سنٹر کا ورکنگ ماڈل بین الشعبہ (انٹرڈسپلنری) ٹیم ورک پر مبنی ہے اور اب تک ریڑھ کی ہڈی کے 16 ہزار سے زائد مریض یہاں مفت علاج اور بحالی کی سہولت حاصل کر چکے ہیں جبکہ پیدائشی ٹیڑھے پاؤں کے مفت علاج کیلئے 11 کلب فٹ کلینکس کامیابی سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت، غیر سرکاری اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون ملک بھر میں بحالی خدمات کو وسعت دینے کیلئے ضروری ہے۔

بعد ازاں وفد نے سنٹر کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور ادارے کی سہولیات اور خدمات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے عملے اور انتظامیہ کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیراپلیجک سنٹر معذور افراد کے لئے امید اور حوصلے کی روشن مثال ہے۔

وفد کی سربراہ ڈاکٹر سیدہ فائزہ عروج نے پیراپلیجک سنٹر کو صحت و بحالی کے شعبے میں ایک مثالی ادارہ قرار دیا اور خواہش ظاہر کی کہ ملک بھر میں اس نوعیت کے مزید مراکز قائم کئے جائیں تاکہ پیراپلیجکس کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ شرکاء نے پیراپلیجک سنٹر کیلئے ڈاکٹر الیاس سید کی بے لوث خدمات اور قیادت کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔