مودی نے کرکٹ کی اسپرٹ تباہ کردی، خواجہ آصف

 

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی جانب سے کھیل میں سیاست کو مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی سیاست کے لیے کرکٹ کی روح کو مجروح کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مودی نے کرکٹ کے کلچر اور اسپرٹ کو تباہ کرکے برصغیر میں امن کے امکانات اور مسائل کے حل کے دروازے بند کر دیے ہیں۔ ان کے مطابق عزت اس طرح بحال نہیں ہوتی، پاک بھارت جنگ کا اسکور 6-0 تاریخ میں کندہ ہو چکا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان کچھ نہیں کہہ رہا لیکن مودی نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں اپنی ہٹ دھرمی کے باعث خوار ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا، جبکہ فائنل سے قبل بھارتی کپتان نے پاکستانی کپتان کے ساتھ ٹرافی فوٹو بھی نہیں بنوائی۔

فائنل میچ کے بعد بھارتی ٹیم نے اپنے بورڈ کی ایما پر ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا، جس کے باعث اختتامی تقریب دبئی اسٹیڈیم میں تاخیر کا شکار ہوئی اور آخرکار ٹرافی دیے بغیر ہی ختم ہو گئی۔