اسلام آباد: سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا جسٹس طارق محمود جہانگیری کو جوڈیشل ورک سے روکنے کا حکم معطل کرتے ہوئے انہیں عدالتی فرائض سرانجام دینے کی اجازت دے دی۔
ڈگری کے معاملے پر ہائیکورٹ نے جسٹس جہانگیری کو عدالتی کام سے روک دیا تھا، جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت عظمیٰ نے ابتدائی سماعت میں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آفس اور درخواست گزار کو بھی نوٹس بھیجنے کا حکم دیا۔
دوران سماعت جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ کسی جج کو جوڈیشل ورک سے نہیں روکا جا سکتا، جبکہ سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس 18 اکتوبر کو طلب کیا گیا ہے۔
جسٹس شاہد بلال نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر اعتراضات موجود تھے تو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے باوجود نمبر کیسے لگ گیا؟ عدالت نے وکلا کو تیاری کے ساتھ دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ جامعہ کراچی نے حال ہی میں جسٹس طارق جہانگیری کی ایل ایل بی ڈگری منسوخ کر دی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos